‘ مریم نواز ویڈیوز کا ذکر کرکے دھمکاتی اور بلیک میل کرتی ہیں ‘

ماہر قانون بابر اعوان نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کو” بنانا نہیں شریفانہ ری پبلک” بنانا چاہتے ہیں مریم نواز ویڈیوز کا ذکر کرکے دھمکاتی اور بلیک میل کرتی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور ماہر قانون بابر اعوان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے وزرا اداروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ہمیشہ عدالت پر حملہ ایک طرف سے ہوا ہے۔ یہ پاکستان کو” بنانا نہیں شریفانہ ری پبلک” بنانا چاہتے ہیں۔ مریم نواز ویڈیوز کا ذکر کرکے دھمکاتی اور بلیک میل کرتی ہیں۔

بابر اعوان نے کہا کہ ان کی فیکٹریوں میں ایسی ایسی ویڈیوز ہیں جن کی گونج دنیا بھر میں ہے۔ مریم نواز ہر شخص کو کہتی ہیں میرے پاس ویڈیوز ہیں۔ ان کی فیکٹری میں ایسی آڈیوز بنتی ہیں کہ لوگ یقین کرلیتے ہیں۔ امپورٹڈ حکومت اتنی کاریگر ہے کہ آتے ہی اپنے کیسز ختم کرالیے اور اس کے لیے قانون کو اڑا کر رکھ دیا۔ عدالت بلاتی ہے تو یہ لوگ پیش نہیں ہوتے۔ یہ پاکستان میں عدلیہ کو بھی اپنے کنٹرول میں کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت یہ حکومت اپنے مفاد کیلیے قانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ رانا ثنا اللہ جیسے لوگ وزیر داخلہ ہیں اور اداروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ مریم نواز آپ نے ہی کہا تھا عدلیہ کے فیصلے ماننے پڑتے ہیں۔ آپ ایک ہفتے پہلے توعمران خان کو درس دیتی تھی کہ عدلیہ کا فیصلہ مانو۔ بی بی یہ بھی وہی عدلیہ ہے تو اب کیوں دھمکیاں دے رہی ہیں۔

بابر اعوان نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان بنایا تھا۔ ان کے بزرگوں نے اتفاق فاؤنڈری بنائی تھی۔ ان کو چاہیےسرکشی نہ کریں اور قانون کے سامنے سر جھکائیں۔ ہمیں عمران خان کی حقیقی آزادی کی تحریک کو کامیاب کرنا ہوگا۔