قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی وجہ سے لوگ میچ دیکھنے اسٹیڈیم آتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان جاری ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے قبل پری شو میں اسٹیج پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی تعریف کی گئی۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے پری شو میں شرکت کی۔
وسیم اکرم نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کو آئیکونز کی ضرورت ہے، جیسے برائن لارا ویسٹ انڈیز کے ہیرو تھے پاکستان کے لیے بابر اعظم بھی وہی ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ شائقین بابر اعظم کی وجہ سے میچ دیکھنے اسٹیڈیم آتے ہیں اور وہ عظیم کھلاڑی بننے کی راہ پر گامزن ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔
آسٹریلیا کے مارنوس لبوشین کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے نمبر پر موجود ہیں، بولرز رینکنگ میں شاہین آفریدی ٹاپ فائیو بولرز میں موجود ہیں، بھارت کے روی چندر ایشون پہلے نمبر براجمان ہیں۔