بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں نا پسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا

ٹیسٹ کرکٹ کی اگر بات کی جائے تو یہ سال بابر اعظم کے لئے ایک مشکل سال ثابت ہوا، ریڈ بال فارمیٹ میں بابر اعظم کی کارکردگی انتہائی مایوس کُن ثابت ہوئی۔

رواں برس 2023 کے دوران بابر اعظم ٹیسٹ میچز میں نو اننگز کھیلنے کے باوجود کوئی نصف سنچری بھی اسکور نہ کر سکے، یہ اپنے ڈیبیو کے بعد پہلی مثال ہے کہ وہ ایک کیلنڈر سال میں یہ سنگ میل حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (MCG) میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں انہوں نے ٹیم کو مشکل سے باہر نکالنے کی بہت کوشش کی، مگر قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور آسٹریلین بولر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر 41رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے۔

پہلی اننگز کی اگر بات کی جائے تو اس میں بھی صورتحال مختلف نہ تھی، جہاں بابر اعظم پیٹ کمنز کے ہاتھوں صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تھے۔ سابق پاکستانی کپتان نے 9 اننگز میں 22.66 کی اوسط سے 204 رنز کے ساتھ سال کا اختتام کیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے میلبرن میں کھیلے گئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں پاکستان کو 79 رنز کے ساتھ شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے میلبرن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے چوتھے روز قومی ٹیم کی بساط 237 رنز پر لپیٹتے ہوئے نہ صرف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں 79 رنز سے فتح اپنے نام کی بلکہ سیریز میں بھی دو صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

اگلے میچ میں کم بیک کریں گے: شان مسعود

میچ میں پاکستانی بولرز کی کارکردگی تو شاندار رہی لیکن بیٹرز نے ان کی کارکردگی پر پانی پھیر دیا۔ نہ بابر اعظم کا بلا چلا نہ شان مسعود کی نصف سنچری کام آئی۔