"بابر اعظم ہمیشہ بابر اعظم ہی ہوتا ہے”

راولپنڈی: قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے کہا ہے کہ ٹیسٹ ، ون ڈے ہو یا ٹی 20 بابر اعظم ہمیشہ بابر اعظم ہی ہوتا ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز سنچری بنانے والے شان مسعود نے کپتان بابر اعظم کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم بہت اچھا کھلاڑی ہے اسے اپنی گیم پرکافی کمانڈ ہے، کوئی بھی فارمیٹ ہو بابراعظم ہمیشہ بابراعظم ہی ہوتا ہے۔

کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اسکور سے اچھی پوزیشن پر ڈال پائےہیں، جتنےمواقع کھلاڑی کو ملیں گے وہ اسی قدر پرفارم کر سکے گا، غلطیاں جب آپ کرتے ہیں تو آپ کو سیکھنے کا موقع بھی ملتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے 3 وکٹوں پر 342 رنز بنالیے

اوپنر کا کہنا تھا کہ پنڈی کراؤڈ کی جتنی تعریف کریں اتنا کم ہے، ٹیسٹ کرکٹ کو ہمیں ہمیشہ عزت دینی چاہیے، ٹیسٹ کرکٹ میں کوئی ٹیم بڑی چھوٹی ٹیم نہیں ہوتی۔

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل اختتام پذیر ہوگیا، پاکستان نے 3 وکٹوں پر 342 رنز بنالیے، بابراعظم 143 اور اسدشفیق 60 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں بنگلادیش پر 109رنز کی برتری حاصل کرلی، بنگلادیش کی ٹیم پہلے دن 233 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، بنگلا دیش کے خلاف اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرتے ہی پاک ٹیم کے اوپنر عابد علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، عابد علی بھارتی کرکٹر محمد اظہر الدین کی مسلسل تیسرے ٹیسٹ میں سنچری کا ریکارڈ برابر نہ کر سکے۔