بابراعظم کون سے بڑے بڑے ریکارڈز توڑنے والے ہیں؟

پاکستان کے تمام فارمیٹس کے کپتان بابر اعظم کئی ریکارڈز توڑنے کے قریب ہیں۔

بابر آئندہ نیوزی لینڈ سیریز میں تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہیں ان کے پاس اپنے سنگ میل کو پورا کرنے کے لیے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے میچوں کا بہترین موقع ہے۔

بابر کو نیوزی لینڈ کے خلاف صرف ایک T20I سیریز جیتنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اب تک کے سب سے کامیاب T20I کپتان بن جائیں۔

وہ ریٹائرڈ انگلش کپتان ایون مورگن کے ریکارڈ کو توڑ دیں گے جنہوں نے بطور کپتان 42 فتوحات حاصل کی ہیں تاہم بابر فی الحال آسٹریلیا کے ایرون فنچ کے ساتھ 40 جیت کے ساتھ برابر ہیں۔

بابر کا ایک اور ریکارڈ جو نشانہ بنے گا وہ T20I کرکٹ میں 3500 رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بننے کا ہے۔ انہیں یہ کارنامہ انجام دینے کے لیے صرف 145 رنز درکار ہیں۔

ون ڈے میں، 28 سالہ کپتان جنوبی افریقا کے لیجنڈ ہاشم آملہ کے کئی ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ ہیں۔ انہیں اگلی سات اننگز میں صرف ایک اور سنچری درکار ہے تاکہ وہ 18 ون ڈے سنچریاں مکمل کرنے والے تیز ترین بلے باز بن سکیں۔ اس وقت یہ ریکارڈ آملہ کے پاس ہے جنہوں نے اسے 102 اننگز میں حاصل کیا، اس کے بعد ویرات کوہلی کا نمبر ہے جنہوں نے 119 اننگز میں اتنی ہی سنچریاں مکمل کیں۔

اگر بابر اگلی سات اننگز میں 187 رنز بنا لیتے ہیں تو وہ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 5000 رنز بنانے والے بلے باز بن جائیں گے۔

وہ 101 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دینے والے ہاشم آملہ کے ریکارڈ کو توڑ دیں گے۔ کوہلی اور ویسٹ انڈین عظیم سر ویوین رچرڈز دونوں نے 114 اننگز میں اتنے ہی رنز بنائے تھے۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز بین الاقوامی کرکٹ میں 12,000 رنز مکمل کرنے سے صرف 136 رنز کی دوری پر ہیں، انہوں نے ٹیسٹ میں 3,696 رنز، ون ڈے میں 4,813، اور T20I میں 3,355 رنز بنائے ہیں۔