قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ فخر زمان 20 سے 30 اوورز کھیل گئے تو بڑا اسکور بنا سکتے ہیں اس سے فیصلہ ہمارے حق میں ہوگا۔
کولکتہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ کل کا میچ اہم ہے، پلاننگ کے تحت 10 اوورز کھیلیں گے، اگر فخر زمان 20 سے 30 اوورز رہے تو ہدف تک پہنچ سکتے ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اچھی کرکٹ کھیلی مگر اختتام اچھا نہیں کرسکے، کوشش ہے ورلڈ کپ کا سفر اچھے نوٹ پر اختتام کریں، بطور ٹیم ہم ورلڈکپ میں بہتر کرکٹ نہیں کھیل سکے۔
انہون نے کہا کہ ساؤتھ افریقہ اور افغانستان کے خلاف میچ میں جیتنا چاہیے تھا، اس 2 میچ کی وجہ سے آج ہم اس اسٹیج پر کھڑے ہیں۔
کپتان کا کہناتھا کہ امید اب بھی ہے، امید تو ہر موقع پر مثبت رکھنی چاہیے، پلاننگ ہماری اچھی تھی لیکن تینوں شعبے میں ہم اچھا نہیں کرسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ کل پلان کے مطابق کرکٹ کھیلں، ایسا نہیں کہ رن ریٹ کیلئے جاتے ہی اندھا دھند بلے گھمائیں، پلاننگ کے تحت اننگز کو آگے بڑھائیں گے۔
کپتان نے کہا کہ ہمارے ذہن میں نیٹ رن ریٹ کا پلان ہے، اس کے پیچھے جائیں گے، اگر فخر 20 یا 30 اوور کھیل گیا تو نتیجہ ہمارے حق میں ہوگا، اسی طرح ہماری ٹیم میں افتخار اور محمد رضوان بھی ہیں۔
’اتنی محبت ہے کہ اپنے بیٹے کا نام بابر اعظم رکھوں گا‘
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں میری اور ٹیم کی پرفارمنس کی وجہ سے سوال اٹھایا جارہا ہے، تین سال سے کپتانی کر رہاہوں، مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے،کسی نے مجھے مشوری دینا ہے تو سب کے پاس میرا نمبر ہے۔
بابر نے کہا کہ ٹی وی پر مشورہ دینا آسان ہوتا ہے مشورہ دینا ہے تو میسج کردیں، سب کی اپنی رائے اور سوچنے کا طریقہ ہوتا ہے۔
اپنی کپتانی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کپتانی کا فیصلہ مینجمنٹ کے پاس ہے،کپتانی سے متعلق فیصلہ مینجمنٹ نے کرنا ہے، میرا کام کھیل پر توجہ دینا ہے۔
کپتان بابراعظم نے مزید کہا کہ ٹیم کا فیصلہ کوچز اور کپتان کا ہوتا ہے، بہترین کامبی نیشن کے ساتھ جاتے ہیں، میں کوشش کرتا ہوں اپنے لیے نہیں ٹیم کیلئے پرفارم کروں۔
انہوں نے کہا کہ چاہتا تھا کہ ٹیم کو جتوانے کی کوشش کروں، صورتحال کے مطابق بیٹنگ کرتا ہوں، اس کے حساب سے پلان کرتے ہیں، کبھی کبھار کنڈیشنز فیور نہیں کرتیں کہ کھل کر کھیلیں، یہاں ہر وینیو پر مختلف کنڈیشنز ہیں۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ ہم پہلی بار بھارت آئے ہیں، ہمیں کنڈیشنز کا اندازہ نہیں تھا، میں مانتا ہوں کہ توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرسکا۔