قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کا آخری میچ ہارنے پر کہا ہے کہ وہ شکست کی ذمے داری کسی پر نہیں ڈالیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان گزشتہ شب نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پانچواں اور آخری میچ مہمان ٹیم سے ہار گئی جس کے باعث قومی ٹیم نے سیریز جیتنے کا موقع گنوا دیا اور یہ سیریز دو دو سے برابر ہوگئی۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ وہ شکست کی ذمے داری کسی پر نہیں ڈالیں گے کیونکہ ہر نتیجہ ٹیم ورک سے ہوتا ہے اور یہی ٹیم میچز جیتتی بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رضوان اور افتخار احمد جس طرح کھیل رہے تھے لگا کہ ٹیم 200 رنز بنا لے گی لیکن ایسا نہ ہوسکا تاہم193 رنز کا اسکور بھی اچھا ہدف تھا لیکن نیوزی لینڈ کے کھلاڑی اچھا کھیلے۔ ان کی اننگ میں کیوی کے مڈل آرڈر بیٹر چیپ مین کا کیچ ڈراپ ہونا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔
بابر اعظم نے کہا کہ پاکستانی فینز ہمیشہ ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں۔ میں کبھی مطمئن نہیں ہوتا اور تربیت بھی یہی ہے کہ اچھا کرکے بھی سیکھا جاتا ہے کیونکہ بری پرفارمنس کے بعد تو ہر کوئی سیکھتا ہے۔
کپتان کا کہنا تھا کہ دو دن کے وقفے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، 15 اوور کے بعد 190 کا ہدف سمجھ رہے تھے لیکن یہ درست ہے کہ آخری تین اوور میں رضوان سے ہٹ نہیں لگی، رضوان مزید دو رنز کر سکتے تھے لیکن نہیں کرسکے بہرحال رضوان نے بہت اچھا کھیلا، کیچز ڈراپ ہوئے جو کہ نہیں ہونے چاہیے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مسلسل پریکٹس میں ہیں اور ون ڈے کے لیے اچھی تیاری کریں گے۔