پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ دورہ سری لنکا ایشیا کپ سے قبل کنڈیشنز سمجھنے کا بہترین موقع ہے، ٹیسٹ سیریز میں کنڈیشزکے مطابق کھیلیں گے، ایشیا کپ سے پہلے ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا فائدہ ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں 5 روزہ کرکٹ کی کنڈیشن مختلف ہوگی، تاہم ٹیم ہر چیلنج کے لیے تیار ہے، سری لنکا کے گزشتہ دورے میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، پچھلی بار سری لنکا گئے تھے تو کنڈیشن چیلنجنگ رہی تھی۔
انھوں نے کہا کہ پی سی بی میں کون آتا ہے کون جاتا ہے اس پر فوکس نہیں کرتے، بیسٹ الیون ہی سری لنکا کے خلاف اتاریں گے، سرفراز کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ سرفراز احمد نے پہلے اچھی سیریز کھیلی، نائب کپتان کا پلیئنگ الیون میں ہونا ضروری نہیں ہوتا۔
ورلڈ کپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عالمی کپ کا بےچینی سے انتظار ہے، ورلڈکپ کے لیے تمام کھلاڑی فٹنس پر کام کر رہے ہیں، ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاری کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جہاں خامیاں ہیں انھیں دور کررہے ہیں، ہر ٹیم اپنے انداز سے کھیلنا پسند کرتی ہے، سری لنکن کنڈیشنز اسپن بولنگ کو سپورٹ کرتی ہے، کیمپ میں بھی اسپنرز پر کام کیا جارہا ہے، مکی آرتھر بھی وہاں کے کوچ رہے ہیں ان سے بھی کنڈیشنز کی فیڈ بیک لیں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ مانتا ہوں ناتجربہ کار ٹیم ہونے کی وجہ سے نتائج اچھے نہیں آرہے تھے، ہمیشہ کوشش یہی ہوتی ہے میچ جیتنا ہے۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم نے کہا کہ کپتانی کے حوالے سے بی سی پی سے پوچھیں وہ بہتر جواب دیں گے، میں اپنا 100 فیصد دے رہا ہوں، سلیکشن کمیٹی کو اپنی رائے دیتا ہوں، سلیکشن کمیٹی لڑکے فراہم کرتی ہے جو مجھے چاہیے ہوتے ہیں۔