اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکلا نے سائفر کیس میں ضمانت مسترد ہونے کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔
اٹک جیل میں قید سابق وزیر اعظم کے وکلا نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کے فیصلے سے بڑی مایوسی ہوئی ہے، فیصلے کو کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اس پر اپنا فیصلہ دے گی، ہمیں اس کیس میں امریکی عہدے دار ڈونلڈ لو کو طلب کرنا چاہیے تھا۔
خیال رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی ضمانتیں مسترد کر دیں۔
خصوصی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس میں ان کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ پراسیکیوٹر شاہ خاور کا کہنا تھا کہ فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا جبکہ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے وکلا سے مکالمے میں کہا کہ دس منٹ تک فیصلہ آ جائے گا۔
بعدازاں عدالت کی جانب سے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کی ضمانتیں مسترد کر دی گئیں۔