باجوڑ(15 اگست 2025): خبر پختونخوا میں باجوڑ کے علاقے سلارزئی کے جبری گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق باجوڑ کی تحصیل سلار زئی کے گاؤں جبراڑی میں آسمانی بجلی گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، آسمانی بجلی گرنے سے 7 گھر گر گئے جبکہ 18 افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارش اور سیلابی ریلے سے متعدد مکانات بہہ گئے جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہوگئے، سیلابی ریلے نے پورے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا اور کئی خاندان بےگھر ہوگئے ہیں مقامی افراد نے حکومت، عوام اور فلاحی اداروں سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں نہ ہوئیں تو نقصانات مزید بڑھ سکتے ہیں، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان کے مطابق آپریشن کے لیے ٹیموں کو روانہ کردیا گیا تاہم متاثرہ علاقوں تک رسائی کے راستے شدید متاثر ہونے سے ریسکیو ٹیموں کو پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان نے مزید کہا کہ ریسکیو ٹیمیں خوڑ کے قریب موجود ہیں، صورتحال بہتر ہوتے ہی کارروائی کی جائےگی۔
اس سے قبل، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اگلے ہفتے شدید اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر خیبر پختونخوا کے لیے گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے اپر چترال، لوئر چترال، لوئر دیر، سوات اور اپر کوہستان کے رہائشیوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندیوں اور دریاؤں میں سیلاب آسکتا ہے۔