باجوڑ : سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کیخلاف فتنہ الخوراج کےخارجی نورولی کااعلامیہ منظرعام پرآگیا، جس میں آپریشنز کو پاک فوج کا ظلم قرار دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کے حالیہ آپریشن کے بعد فتنہ الخوارج کی جانب سے ایک اور عوام مخالف پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کیخلاف فتنہ الخوراج کے خارجی نورولی کااعلامیہ منظرعام پرآگیا، خارجی کمانڈر نے اپنے اعلامیے میں باجوڑ آپریشنز کو پاک فوج کا ظلم قرار دینے کی کوشش کی ہے تاہم یہ بیان حقائق کے برعکس اور تنظیم کی دوغلی پالیسی کا عکاس ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے 18 اگست کو عوام کو واضح ہدایت کی تھی کہ دہشت گردوں کو علاقے میں داخل نہ ہونے دیا جائے، تاہم خارجی گروہ کے اعلامیے میں مقامی کمانڈروں کو باجوڑ چھوڑنے کی اجازت نہ دینے کی بات سامنے آئی ہے۔
ذرائع نے وضاحت کی کہ سیکیورٹی فورسز باجوڑ میں صرف دہشت گردوں کو نشانہ بنا رہی ہیں جبکہ عوام، ان کے کاروبار اور بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، مقامی عوام کو بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اُن کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ خارجی گروہ کی جانب سے جاری بیانیہ دراصل ان کی شکست کا اظہار ہے۔ یہ گروہ اپنے پروپیگنڈے کے ذریعے مقامی آبادی کو دھوکا دینا چاہتا ہے لیکن باجوڑ کے عوام اب ان کا حقیقی چہرہ پہچان چکے ہیں اور ان کے بیانیے کو مسترد کر چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مقامی عوام کی حمایت ہی دیرپا امن کی ضمانت ہے جو فتنہ الخوارج کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، عوام جانتے ہیں کہ دہشت گردوں کی واپسی کا مطلب مزید تباہ شدہ بازار اور معصوم جانوں کا ضیاع ہوگا جبکہ باجوڑ کا مستقبل امن، ترقی اور خوشحالی سے جڑا ہے، نہ کہ خونریزی اور دہشت گردی سے۔