کوئٹہ : بلوچستان میں شادی شدہ جوڑے کے قتل میں گرفتار ساتکزئی قبیلے کے سربراہ سردار شیر بازکو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں انسداددہشت گردی عدالت میں بلوچستان میں پسند کی شادی پر جوڑے کو قتل کر دیے جانے کے واقعے کی سماعت ہوئی۔
سماعت انسداددہشت گردی عدالت کے جج محمد مبین نے کی، نامزد ملزم سردار شیر باز ساتکزئی کو اے ٹی سی ون میں پیش کیا گیا۔
ایس سی آئی ڈبلیو کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، عدالت نے ملزم کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سیریس کرائم انوسٹیگیشن ونگ کے حوالے کردیا۔
مزید پڑھیں : بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے قتل کا مقدمہ درج، اہم انکشافات
یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو قتل کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، فائرنگ کے دردناک مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی۔
بتایا جاتا ہے میاں بیوی ڈیڑھ سال سے روپوش تھے، دونوں کو دعوت کے بہانے بلایا گیا، جرگے میں فیصلہ سنایا گیا اور پھر کھلے میدان میں لے جا کر گولیاں چلا دی گئیں۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ایکس پر بتایا مقتولین کی شناخت ہوگئی ہے اور قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بعد ازاں بلوچستان میں میاں بیوی کے بہیمانہ قتل میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا، گرفتار شدگان میں ساتکزئی قبیلے کا سربراہ بھی شامل ہے۔