کوئٹہ : بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، جس میں بتایا کہ سردار کے فیصلے کے بعد مرد اور خاتون کو گاڑیوں میں سنجیدی ڈیگاری مارگٹ لاکر قتل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے خاتون اور مرد کے قتل کے واقعے کا مقدمہ تھانہ ہنہ اورڈک میں درج کرلیا گیا۔
مقدمہ انسداد دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت متعلقہ ایس ایچ او نوید اختر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مدعی مقدمے نے بتایا کہ خاتون اور مرد کے فائرنگ سےقتل کی ویڈیووائرل ہوئی، پولیس نفری کے ساتھ جائے وقوعہ سنجیدی ڈیگاری مارگٹ پہنچا، معلومات کرنے پر علم ہوا کہ واقعہ عیدالاضحیٰ سے 3 روز قبل کا ہے۔
مدعی کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرکے بانو بی بی اور احسان اللہ کو قتل کیا گیا ، فائرنگ کرنے والے ملزمان میں شاہ وزیر، جلال،ٹکری منیر ، بختیار، ملک امیر، عجب خان، جان محمد سمیت15 نامعلوم ملزمان شامل ہیں۔
مقدمے میں مزید کہا گیا کہ ملزمان مرد اور خاتون کو قتل کرنے سے قبل سردار شیر باز خان کےپاس لیکر گئے، سردار نے فیصلہ سنایا کہ دونوں کاروکاری کےمرتکب ہوئےہیں، قتل کیا جائے اور سردار کے فیصلے کے بعد مرد اور خاتون کو گاڑیوں میں سنجیدی ڈیگاری مارگٹ لاکر قتل کیا گیا۔
مزید پڑھیں : بلوچستان : میاں بیوی کے قتل میں ملوث قبیلے کے سردار سمیت 11 گرفتار
ویڈیوبناکرسوشل میڈپر اپ لوڈ کرکے عوام میں خوف وہراس پھیلا گیا۔
یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو قتل کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، فائرنگ کے دردناک مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی۔
بتایا جاتا ہے میاں بیوی ڈیڑھ سال سے روپوش تھے، دونوں کو دعوت کے بہانے بلایا گیا، جرگے میں فیصلہ سنایا گیا اور پھر کھلے میدان میں لے جا کر گولیاں چلا دی گئیں۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ایکس پر بتایا مقتولین کی شناخت ہوگئی ہے اور قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔