قتل ہونے والا جوڑا شادی شدہ نہیں تھا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (21 جولائی 2025): وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں قتل ہونے والے جوڑے سے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ یہ شادی شدہ جوڑا نہیں تھا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے قتل ہونے والا شادی شدہ جوڑا نہیں تھا۔ خاتون شادی شدہ اور 5 بچوں کی ماں تھی۔ تاہم یہ قتل اور بربریت ہے۔ میری ساری ہمدردیاں قتل ہونے والے افراد کے ساتھ ہیں اور ہم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مذکورہ واقعہ سے متعلق سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے سے پہلے ہی مل گئی تھی، جس کے بعد آئی جی بلوچستان کو فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لینے کا کہا اور قبائلی سردار کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت واقعہ کی شفاف تحقیقات کرا رہی ہے اور دہرے قتل میں قبائلی سردار سمیت 11 افراد گرفتار ہیں جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مجھے کال کر کے اسے ٹیسٹ کیس کے طور پر دیا ہے۔ جو بھی اس میں ملوث ہیں، ان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ ہم کسی جرگے کی حمایت نہیں کریں گے بلکہ آئینی اور قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ وکٹم بلیمنگ پر نہیں جانا چاہتا، مگر حقائق بیان کرنا ضروری ہے۔ قتل کے اس کیس میں دونوں فریقین ایف آئی آر درج کرانے کو تیار نہیں۔ قتل کے واقعہ پر متعلق ڈی ایس پی کو معطل کیا جا چکا ہے۔ اس طرح کے جرگے ہوتے ہیں، جن کو روکنا حکومت کا کام ہے اور ہم نے روک کر ایکشن بھی لیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گاؤں کے مرد فرار ہیں۔ پولیس جب وہاں جاتی ہیں، تو خواتین پتھراؤ کرتی ہیں۔ یہاں قبائلی معاشرہ ہے اور یہ حقیقت ہے کہ خطہ اسلحہ سے پاک نہیں۔

سرفراز بگٹی نے صوبے میں دہشتگردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی روک تھام کے لیے آپریشنز کیے اور مزید اقدامات بھی کر رہے ہیں۔ ایک سال میں 300 دہشتگردوں کو مارا گیا ہے۔ بسوں پر حملوں میں ملوث 10 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر چکے۔ بلوچستان کی جو تصویر دکھائی جا رہی ہے، ایسا بالکل نہیں، چیزیں بہتر ہو رہی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر میاں بیوی کے قتل کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ جس کے بعد بلوچستان حکومت کی مدعیت قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔

بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے خاتون اور مرد کے قتل کے واقعے کا مقدمہ تھانہ ہنہ اورڈک میں درج کیا گیا جب کہ اس قتل کے حوالے سے اہم اور سنسنی خیز انکشافات بھی سامنے آئے۔

https://urdu.arynews.tv/balochistan-couple-incident-case-registered/