بلوچستان حکومت کا این ایف سی ایوارڈ پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ

بلوچستان سرفراز بگٹی

کوئٹہ(25 اگست 2025): وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے این ایف سی ایوارڈ پر تمام سیاسی جماعتوں اور ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت این ایف سی ایوارڈ کی تیاری کیلئے مشاورتی اجلاس
ہوا، اجلاس میں این ایف سی ایوارڈ پر تمام سیاسی جماعتوں اور ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں نمائندگی نہ رکھنے والی جماعتوں سے بھی مشاورت کرینگے، مشاورت کا مقصد صوبے کا متفقہ اور مضبوط مؤقف سامنے لانا ہے، این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کی ضرورتوں، ترجیحات کو اجاگر کرینگے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ وسائل کی تقسیم میں شفافیت اور شمولیت کو اہمیت دینا ہوگی، این ایف سی ایوارڈ مضبوط وفاق اور ہم آہنگی کا موقع ہے، بلوچستان کے عوام کی امیدیں اور توقعات ایوارڈ میں شامل ہونی چاہئیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے درمیان توازن، ہم آہنگی ضروری ہے، مشاورت میں ماہرین معاشیات، دانشوروں کی تجاویز کو شامل کیا جائے گا اور وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ ہم سب کی کامیابی ایک مضبوط اور مستحکم وفاق میں ہے، این ایف سی ایوارڈ کو قومی یکجہتی، اعتماد کے فروغ کا ذریعہ بنائیں گے۔