کوئٹہ : بلوچستان میں خاتون اور مرد کے قتل کیس میں مقتولہ بانو کی والدہ کے ڈی این اے نمونے لے لیے گئے، جس سے بی بی بانو اور ان کی والدہ کے درمیان تعلق کی تصدیق کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں خاتون اور مرد کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، مقتولہ بی بی بانو کی والدہ کے ڈی این اے نمونے لے لیے گئے
پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے بتایا کہ سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کی استدعا پر گل جان بی بی کے سیمپل لئے گئے ہیں ، ڈی این اے کیلئے بالوں، خون اور حلق کا لعاب کے سیمپل لیے ہیں۔
پولیس سرجن کا کہنا تھا کہ نمونے سیل کرکے سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیے گئے ہیں ، ڈی این اے کے لئے نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی بھجوائے جائیں گے ، تاکہ مقتولہ بی بی بانو اور ان کی والدہ کے درمیان تعلق کی تصدیق کی جا سکے۔
یاد رہے مقتولہ کی قبر کشائی کے وقت بھی بی بی بانو کے ڈی این اے سیمپل لیے گئے تھے، اور گل جان بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں خود اپنا ڈی این اے کرانے کی درخواست کی تھی۔
مزید پڑھیں : بلوچستان میں قتل کی گئی خاتون بانو کی والدہ گرفتار
گذشتہ روز بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی خاتون بانو کی والدہ کو گرفتار کیا تھا ، پولیس کا کہنا تھا کہ بدھ کو ڈیگاری میں دوہرے قتل میں مارے جانے والی بانو بی بی کی والدہ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام وائرل کیا، جس میں وہ قرآن پاک ہاتھ میں اٹھائے ہوئے بول رہی تھی کہ یہ قتل بلوچی روایات کے مطابق ہوا اور یہ قتل جائز ہے۔