بلوچستان حکومت نے ایک اہم پروجیکٹ کے ڈائریکٹر کی چھٹی کر دی

بلوچستان جھالاوان میڈیکل کالج

کوئٹہ (11 اگست 2025): بلوچستان میں ایک میڈیکل کالج اور اسپتال کے اہم منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر حکومت نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی چھٹی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت بلوچستان نے جھالاوان میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے زیر التوا منصوبے کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پروجیکٹ ڈائریکٹر کی چھٹی کر دی گئی اور اب منصوبے پر کام محکمہ مواصلات کرے گا۔

اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، لیڈر آف اپوزیشن میر یونس عزیز زہری اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

منصوبے کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اظہار افسوس کیا، اور متعلقہ محکموں کو از سر نو پی سی ون تشکیل دے کر منصوبے پر فوری کام تیز کرنے کا حکم دیا۔


خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت میں اربوں روپے کی بے قاعدگیوں کا انکشاف


اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جھالاوان میڈیکل کالج سے اب تک دو بیچ فارغ التحصیل ہو چکے ہیں اور اس وقت 400 طالب علم زیر تعلیم ہیں، منصوبے میں تاخیر سے طلبہ کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا بچوں کا مستقبل داؤ پر نہیں لگنے دیں گے، منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جائے، اس کی بروقت تکمیل سے علاقے میں طبی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔