کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں رین اور اربن فلڈایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے متاثرہ اضلاع میں آج اور کل اسکول بند کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں موسلادھار بارشوں نے ایک بار پھر تباہی مچادی، ندی نالے بپھرگئے، متعدد آبادیاں زیر آب آگئیں جبکہ چھتیں اور دیوار گرنے سے کئی مکانات کوبھی نقصان پہنچا۔
ترجمان حکومت بلوچستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں رین اور اربن فلڈایمرجنسی نافذ کردی ہے اور تمام افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہی۔
ترجمان حکومت کا کہنا ہے کہ بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں آج اور کل اسکول بند رہیں گے۔.
اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ڈویژنل کمشنرزاورپی ڈی ایم اے حکام کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے نکاسی نہ ہونے کی عوامی شکایات پر اظہار برہمی کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ تمام فیلڈ آفیسرز کو جو وسائل اور سپورٹ درکار ہے فراہم کریں گے، عوام کو مشکل اور تکلیف سے نکالنا ہماری ذمے داری ہے۔
خیال رہے بلوچستان میں آسمانی بجلی اور چھتیں گرنے سمیت مختلف حادثات میں 10 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور بیس سے زائد گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔