پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان پر بڑی پابندی عائد

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان پر دو سال کے لیے باکسنگ مقابلوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان پر دو سال پابندی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر لگائی گئی ہے اس پابندی کے تحت وہ دو سال تک باکسنگ مقابلوں کے کسی بھی ایونٹ میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے۔

سابق ویلٹر ویٹ چیمپئن پر اس پابندی کا اطلاق 6 اپریل 2022 سے ہوگا اور وہ 5 اپریل 2024 تک کسی بھی ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

عامر خان کا گزشتہ سال فروری میں ٹیسٹ کیا گیا تھا جس میں اوسٹرین نامی ممنوعہ ادویات کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔

38 سالہ باکسر عامر خان نے اعتراف کیا تھا کہ دوا کا استعمال “غیر ارادی” تھا اس لیے کیس آزاد ٹریبونل کو بھیج دیا گیا۔ 6 اپریل 2022 کو باکسر پر عارضی پابندی عائد کی گئی تھی تاہم اب پابندی 5 اپریل 2024 تک برقرار رہے گی۔