لاہور میں بغیر ہیلمٹ سفر کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول فراہم کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پمپس پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول دینے پر پابندی ہوگی۔ اس متعلق ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایا کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو کسی صورت پیٹرول دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہانہ سیکڑوں افراد شہر میں بغیر ہیلمٹ حادثات میں زخمی ہوتے ہیں۔
گزشتہ روز سی ٹی او مستنصر فیروز نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کا تمام شاہراہوں پر داخلہ بند کر دیا گیا، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو مصروف شاہراہ پر نہیں آنے دیا جائے گا۔
سی ٹی او کا کہنا تھا کہ 6 ماہ میں 8 لاکھ 10 ہزار بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکلسٹ کے خلاف کارروائی کی گئی، کریک ڈاؤن سے حادثات میں نمایاں کمی ہوگی۔
مستنصر فیروز کا کہنا تھا کہ مال روڈ پر 95 فیصد شہریوں کا ہیلمٹ پہننا خوش آئند ہے۔