سابق کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ نیدرلینڈ نے یہ بتادیا کہ بنگلہ دیش اپنے گھر کا شیر ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام اسپورٹس روم میں گفتگو کرتے ہوئے باسط علی نے کہا کہ بنگلادیش اپنی سرزمین پر بڑی بڑی ٹیموں کو شکست دیتی ہے لیکن نیدرلینڈ سے ہارنے کے بعد پتہ چلا کہ وہ گھر کے شیر ہیں۔
باسط علی نے کہا کہ بنگلادیش کی سوچ بنی ہوئی ہے کہ اپنی مرضی کی پچ بناو اور میچ جیت جاؤ، اس مائنڈ سیٹ کے ساتھ جائیں گے تو یہی نتیجہ ہوگا۔
انہوں نے شکیب الحسن کے انٹرویو پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شکیب نے 229 کے ہدف کو بڑا قرار دیا، حیرت ہے کوئی کپتان اس طرح کی کیسے بات کر سکتا ہے شکیب ایک دن کے لیے بنگلادیش گئے تھے ان کو چاہیے تھا کہ واپس ہی نہ آتے۔
میگا ایونٹ میں سب سے کمزور سمجھی جانے والی ٹیم نے پہلے ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیموں میں سے ایک جنوبی افریقہ کو شکست دی اور گزشتہ روز 229 کے معمولی رنز کا دفاع کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے خلاف 87 رنز کی قابل رشک فتح سمیٹی۔
اس غیر متوقع کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے موجود بنگال شائقین کرکٹ انتہائی جذباتی نظر آئے تاہم ایک مداح نے تو اس شکست سے دلبرداشتہ ہوکر اپنا سر اپنے ہی جوتے سے پیٹ ڈالا۔