میرپور میں کھیلے گئے بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے دوسرے ون ڈے میچ میں امپائر گنتی بھول گئے۔
نیوزی لینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش کو 86 رنز سے شکست دے دی، نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 254 رنز بنائے جس کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم 168 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سودھی نے 39 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کی اور 39 رنز بھی بنائے، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
میچ میں ایش سودھی کو فاسٹ بولر حسن محمود نے ’منکڈ‘ رن آؤٹ کیا تھا جس کے بعد امپائر مریس ایرسمس نے انہیں آؤٹ قرار دیا تھا۔
ایش سودھی آؤٹ ہوکر جانے لگے اور حسن محمود کو طنزیہ انداز میں تالیاں بجا کر داد دینے لگے، اسی لمحے بنگلہ دیش کپتان لٹن داس نے امپائر سے گفتگو کی اور کیوی بیٹر ایش سودھی کو واپس بلا لیا جس کے بعد وہ بیٹنگ کے لیے آنے لگے اور حسن محمود کو گلے بھی لگایا۔
اسی طرح 47ویں اوور کے دوران بنگلہ دیشی اسپنر مہدی حسن اوور کررہے تھے کہ امپائر شرف الودلہ گنتی بھول گئے۔
امپائر کے گنتی بھولنے کی وجہ سے مہدی حسن نے 6 کی بجائے 7 گیندوں کا اوور کروایا، مہدی حسن نے اپنے بولنگ اسپیل کے نویں اوور میں ایک اضافی گیند کروانی پڑی تھی۔
اس گیند سے دونوں ٹیموں پر کوئی فرق نہیں پڑا، مہدی حسن کی اضافی گیند پر کیوی کپتان لوکی فرگوسن بیٹنگ کررہے تھے انہوں نے بڑی ہٹ لگانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔