بھارت کی ریااست تلنگانہ میں لوک سبھا کے رکن بنڈی سنجے پر کانگریس کے کارکنوں نے انڈوں سے حملہ کر دیا تاہم وہ اس میں محفوظ رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرجاہتا یاترا کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس کے کارکنوں میں تصادم ہوا اور اس دوران بنڈی سنجے کے قافلے پر انڈوں سے حملہ کیا گیا۔
بی جے پی کے مطابق کانگریس کے کارکنوں نے بنڈی سنجے پر حملہ کیا، انہوں نے انڈے پھینکے جو میڈیا کے نمائندوں کو لگے، کانگریس نے پرجاہتا یاترا کو روکنے کی کوشش کی۔
دوسری جانب رکن پارلیمنٹ نے ہنگامے کے باوجود سخت سکیورٹی میں یاترا مکمل کی۔ ان کی ٹیم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں کچھ لوگوں کو پتھر پھینکتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں بنڈی سنجے نے کہا کہ اگر میں اس حلقہ حسن آباد سے الیکشن ہار گیا تو سیاست چھوڑ دوں گا، لیکن کیا پونم پربھاکر (کانگریس رہنما) شکست پر ایسا کریں گی؟
کانگریس کے کارکنوں کو خبردار کرتے ہوئے بی جے پی رہنما نے کہا کہ میں آپ کی عزت کرتا ہوں لیکن آپ اسے بزدلی سمجھ رہے ہو، میں بزدل نہیں ہوں، اگر آپ بی آر ایس پارٹی کی طرح تکبر کا مظاہرہ کریں گے تو لوگ اپنا غصہ ظاہر کریں گے۔