لاہور میں ڈاکو راج، شہری کروڑوں کی املاک سے محروم

پنجاب کے دل لاہور میں ڈاکو اور چوروں کا راج ہوگیا اور زندہ دلان شہر کے شہری 2 کروڑ سے زائد کی نقدی اور قیمتی اشیا سے محروم کر دیے گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈکیتی کی سب سے بڑی واردات لاری اڈا کے علاقے میں ہوئی جہاں ڈاکو امپورٹ ایکسپورٹ آفس سے ایک کروڑ 2 لاکھ روپے لوٹ کر با آسانی فرار ہوگئے۔ دوسری بڑی واردات میں شمالی چھاؤنی میں چور گھر کے تالے توڑ کر 58 لاکھ 70 ہزار کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان لے اڑے۔

پولیس کے مطابق سندر کے علاقے میں چوری کی واردات میں چور فیکٹری کے تالے توڑ کر 25 لاکھ مالیت کا سامان لے جانے میں کامیاب رہے جب کہ چوہنگ کے علاقے میں چور ویئر ہاؤس کے تالے توڑ کر 14 لاکھ 50 ہزار مالیت کا سامان لے اڑے۔

نشتر کالونی میں ڈاکو موبائل شاپ سے ایک لاکھ 85 ہزار مالیت کے موبائل فونز اور دیگر سامان جب کہ جنوبی چھاؤنی میں ڈاکو فارمیسی سے ایک لاکھ 80 ہزار مالیت کی نقدی اور ادویات لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ڈیفنس سی میں ایک گھر میں گھسنے والے 2 ڈاکوؤں کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جس پر وہ اسلحہ لہراتے ہوئے با آسانی فرار ہوگئے۔

گرین ٹاؤن میں ڈاکو کلینک سے 50 ہزار مالیت کی نقدی اور موبائل فون، ڈاکو مغل پورہ میں کوریئر فرنچائز سے 30 ہزار اور اقبال ٹاؤن میں کوریئر فرنچائز سے 32500 روپے لوٹ کر آسانی کے ساتھ فرار ہوگئے۔

شہری قیمتی گاڑیوں سے بھی محروم ہوئے۔ لوئر مال اور نشتر کالونی سے کاریں چوری کی گئیں جب کہ شہر کے مختلف علاقوں سے 88 شہری موٹر سائیکلوں سے محروم ہوگئے۔