بنگلہ دیش میں سیاسی بے یقینی، کرکٹ ٹیم پاکستان کب پہنچے گی؟

بنگلہ دیش میں حسینہ واجد حکومت کے خاتمے کے بعد سیاسی بے یقینی کی فضا میں بنگلہ اے کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔

بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز رواں کھیلی جانی ہے اور پی سی بی نے ٹیم کی تیاری کے لیے پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش کی اے ٹیم کے مابین دو چار روزہ اور تین ایک روزہ میچز رکھے تھے تاہم بنگلہ دیش میں بدلتی سیاسی صورتحال کے باعث اے ٹیم کی پاکستان آمد میں تاخیر ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی سینئر ٹیم کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے شیڈول کے مطابق 17 گست کو پاکستان پہنچنا ہے اور پہلا ٹیسٹ میچ 21 اگست سے پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے جب کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کی اے ٹیم کو پاکستان شاہینز سے 2 چار روزہ میچز اور 3 ون ڈے میچز 10 سے 27 اگست تک اسلام آباد میں کھیلنا ہیں۔

تاہم اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش میں بگڑے سیاسی حالات کے باعث ان کی اے ٹیم کی پاکستان آمد میں 48 گھنٹے کی تاخیر ہوگئی ہے جب کہ سینئر ٹیم کے بھی تاخیر سے آمد کا امکان ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیشی بورڈ کو ٹیسٹ ٹیم جلد پاکستان بھجوانے کے لیے پیشکش کی ہے تاہم بی سی بی نے اس پیشکش کا تاحال جواب نہیں دیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ دونوں بورڈز مسلسل رابطے میں ہیں اور ٹیموں کی آمد سے متعلق جلد نیا شیڈول طے کر لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی موجودہ سیاسی صورتحال کی وجہ سے گزشتہ دو روز سے سینئر ٹیم کا میرپور میں ٹریننگ سیشن نہیں ہو سکا ہے۔