ڈھاکہ: بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے پارلیمان کی نشست جیت لی۔
بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپتان شکیب الحسن نے مغربی قصبے مگورا میں اپنے حلقے سے پارلیمان کی نشست جیتی ہے۔
36 سالہ آل راؤنڈر نے اپنے حریف کو ڈیڑھ لاکھ سے زائد ووٹ کے فرق سے شکست دی ہے۔
واضح رہے کہ شکیب الحسن نے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔
ضلع کے چیف ایڈمنسٹریٹر ابو ناصر بیگ نے شکیب الحسن کی کامیابی کو ’ زبردست فتح’ قرار دیا تاہم کرکٹر نے اپنی کامیابی پر ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
شیخ حسینہ خود ان انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیت کر پانچویں مرتبہ ملک کی وزیر اعظم بن گئیں ہیں۔
شکیب الحسن نے الیکشن سے پہلے بات کرتے ہوئے تسلیم کیا تھا کہ انہیں کسی سنگین رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے لیکن پھر بھی فکر مند ہیں کہ وہ کرکٹ اور سیاست میں توازن برقرار رکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ’چاہے چھوٹی ٹیم ہو یا بڑی ٹیم، مقابلہ اور چیلنجز ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔‘
الیکشن لڑنے کی وجہ سے انہوں نے کرکٹ سے عارضی طور پر دوری اختیار کرلی تھی۔