تاریخی فتح سے سرشار بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم وطن روانہ، شکیب الحسن شامل نہیں

پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ہوم گراؤنڈ پر کلین سوئپ کرکے تاریخ رقم کرنے والی بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم وطن واپس روانہ ہوگئی ہے۔

ٹیسٹ سیریز میں فتح کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم اور آفیشل رات گئے اسلام آباد سے کراچی پہنچے اور آج وہ دو مختلف پروازوں کے ذریعے وطن واپس روانہ ہوئے جو دبئی اور دوحہ کے راستے سے بنگلہ دیش پہنچیں گے۔

مہمان ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں کراچی ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا جہاں انہوں نے رات قیام کیا اور پھر آج صبح ایئرپورٹ واپس لایا گیا۔

کراچی سے بنگلہ دیش روانہ ہونے والی ٹیم میں تمام کھلاڑی اور منیجمنٹ شامل ہے تاہم ان میں ممتاز آل راؤنڈر شکیب الحسن شامل نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ شکیب الحسن سابق وزیراعظم حسینہ واجد کی جماعت سے منتخب سابق رکن اسمبلی ہیں اور پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے دوران ان کے خلاف بنگلہ دیش میں قتل کا مقدمہ درج ہو چکا ہے۔