بنگلہ دیش میں عوام کا سابق جج پر انڈوں، جوتوں سے حملہ

بنگلہ دیش میں عوام نے سابق جج پر انڈوں، جوتوں کی بارش کر دی

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں سپریم کورٹ کے سابق جج شمس الدین چوہدری پر عوام نے انڈوں اور جوتوں کی بارش کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم حسینہ واجد کے حامی اپیلیٹ ڈویژن کے سابق جج شمس الدین چوہدری کو گزشتہ روز بھارت فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا۔

پولیس آج شمس الدین چوہدری کو ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹ پہنا کر عدالت میں پیشی کیلیے لائی جہاں سماجی کارکن، سیاسی رہنما اور عوام کی بڑی تعداد جوجود تھی۔

لوگوں نے سابق جج کو دیکھتے ہی ان کے خلاف خوب نعرے بازی کی جبکہ بعض افراد نے ان پر انڈے اور جوتوں سے حملہ کیا۔

ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ ملزم کو مقامی پولیس نے دفعہ 54 کے تحت متعدد تھانوں میں قتل اور دیگر الزامات کے تحت درج مقدمات میں گرفتار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ ملزم کو بحیثیت سابق جج تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔

گزشتہ روز سابق جج کو بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) نے غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں ملزم پولیس اہلکاروں کو رشوت کی آفر کرتے ہوئے بھی نظر آئے تھے۔