بنگلہ دیش: عبوری مخلوط حکومت کے سربراہ محمد یونس کون ہیں؟

بنگلہ دیش میں آج سے اقتدار سنبھالنے والی عبوری مخلوط حکومت کے سربراہ محمد یونس نوبل انعام یافتہ ہے جن کی شہرت ’غریبوں کا بینکار‘ کے نام سے ہے۔

شیخ حسینہ واجد کے 16 سالہ اقتدار کے خاتمے کے بعد آج سے بنگلہ دیش کا نظم ونسق عبوری مخلوط حکومت سنبھالے گی جس کے سربراہ نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کو مقرر کیا گیا ہے جو آج شب اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

بنگلہ دیش میں مائیکرو فنانسنگ کے بانی 84 سالہ ڈاکٹر محمد یونس کی پہچان ایک بینکار کے طور پر ہے جن کو لاکھوں افراد کو غربت سے نکالنے کی بنیاد پر سراہا جاتا ہے، اسی بنیاد پر انہیں غریبوں کا بینکار کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور ملک کے عوام میں ان کا خاص احترام پایا جاتا ہے۔

محمد یونس کو غربت میں پھنسے عوام کی مدد کرنے کی وجہ سے سنہ 2006 میں امن کا نوبل انعام دیا گیا تھا۔

28 جون 1940 کو بنگلہ دیش کے ضلع چٹا گانگ میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر محمد یونس پیشے کے اعتبار سے بینکر اور ماہرِ امورِ اقصادیات ہیں۔ انہوں نے اپنی پی ایچ ڈی امریکہ کی وینڈربلٹ یونیورسٹی سے کی اور بنگلہ دیش واپس لوٹنے سے قبل وہاں مختصردورانیے کے لیے تدریس بھی کی۔

محمد یونس نے بینکنگ سسٹم میں ایسے چھوٹے قرضوں کا نظام متعارف کروایا تھا جن کی وجہ سے غریب عوام (خصوصاً خواتین) کو غربت سے نکلنے میں مدد ملی۔

انہوں نے 1983 میں گرامین بینک قائم کیا جو ایسے کاروباریوں کو چھوٹے قرضے فراہم کرتا تھا جو عام طور پر قرضے حاصل کرنے کے اہل نہیں ہوتے تھے۔

اس بینک کی سب سے بڑی کامیابی قرضہ سکیم کے ذریعے ایک بڑی تعداد میں عوام کو غربت سے باہر نکالنا تھی۔

محمد یونس جو رواں اولمپکس کی انتظامیہ میں مشیر کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور اسی وجہ سے پیرس میں تاہم وہ آج ملک کا اقتدار سنبھالنے کے لیے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد یونس جو شیخ حسینہ واجد کے بڑے ناقد بھی رہے ہیں اور انہیں اپنی سیاسی جماعت بنانے کے اعلان کے پاداش میں سابق حکومت کی جانب سے مقدمے کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا جس میں انہیں 6 ماہ کی سزا سنائی گئی تھی۔

شیخ حسینہ واجد کے طویل المدتی اقتدار کے طلبہ تحریک کے نتیجے میں خاتمے کے بعد طلبہ رہنماؤں کی تجویز پر انہیں بنگلہ دیش کی نئی عبوری حکومت کی قیادت کے لیے منتخب کیا گیا تھا، جو نئے انتخابات تک عبوری حکومت کی سربراہی کریں گے۔

https://urdu.arynews.tv/bangladesh-dr-mohammad-younis-media-talk/