وزارت خارجہ بنگلادیش نے کہا ہے کہ بنگلادیش اور پاکستان نے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کرلیا، اسحاق ڈار اور مشیرخارجہ نے ڈھاکا میں ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ بنگلادیش نے پاکستان اور بنگلادیش کے مضبوط تعلقات پر بیان جاری کیا ہے، ترجمان وزارت خارجہ بنگلادیش نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور مشیرخارجہ بنگلادیش نے ڈھاکا میں ملاقات کی، باہمی ملاقات میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزارت خارجہ بنگلادیش نے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 6 دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کیے گئے، ڈھاکا میں ہونے والے مذاکرات دو طرفہ تعلقات میں اہم پیشرفت ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اعلیٰ سطحی ملاقات میں خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگوکی گئی، دونوں ملک اپنے عوام کی بہتری کےلیے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کریں گے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بنگلادیش کے ہم منصب کی دعوت پر دورہ کیا، گرمجوشی اور نیک نیتی سے دوطرفہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا
وزارت خارجہ بنگلادیش نے مزید کہا کہ نائب وزیراعظم کا دورہ، ملاقاتیں دونوں ملکوں میں برادرانہ تعلقات کی عکاس ہیں، خطے اور عالمی صورتحال پر باہمی تعاون سمیت دیگر امور پر گفتگوکی گئی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ تجارت، زراعت، تعلیم، صحت، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، مشیرخارجہ بنگلادیش نے دو طرفہ مضبوط تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
مشیرخارجہ بنگلادیش نے دونوں ملکوں میں نجی شعبےکی اہمیت پر گفتگو کی، پاکستان بنگلادیش ویزہ عمل کو آسان بنانے پر اتفاق کیا گیا، پاکستان بنگلادیش کے درمیان بحری امور میں بہتری پر گفتگو کی گئی۔
وزارت خارجہ بنگلادیش نے کہا کہ اسحاق ڈار نے بتایا ’’پاکستان بنگلادیش نالج کوریڈور‘‘ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، اسحاق ڈار نے بتایا بنگلادیش کے 500 طلبا کو اسکالرشپ دی جائیں گی، اسحاق ڈار نے بتایاکہ میڈیکل شعبے میں بھی بنگلادیش کے طلبا کو اسکالرشپ دیں گے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ نائب وزیراعظم نے کہا کہ جدید طبی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی، پاکستان جولائی کی طلبا تحریک میں زخمیوں کو بھی علاج کی سہولت دےگا۔
وزارت خارجہ بنگلادیش نے مزید کہا کہ تحریک میں زخمی طلبا سمیت 40 افراد کا پاکستان میں جدید علاج کیا جائےگا، پاکستان نے بنگلادیش کی ہاکی ٹیم کو ٹریننگ دینے کی بھی پیش کش کی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ روہنگیا میں نسل کشی کےخلاف پاکستان سے حمایت جاری رکھنے کی درخواست کی گئی، پاکستان اور بنگلادیش نے میانمار روہنگیا میں نسل کشی کی مذمت کی ہے، اسحاق ڈار نے مشیرخارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔