بنگلادیش کے برطرف انٹیلیجنس چیف بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے گرفتار

ڈھاکا: بنگلادیش کے برطرف انٹیلیجنس چیف کو بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

بنگلادیش کی میڈیا کے مطابق برطرف میجر جنرل ضیا الاحسن کو ڈھاکا ایئرپورٹ سے ایمرٹس کی پرواز 585 سے حراست میں لیا گیا، وہ گزشتہ روز عہدے سے برطرفی کے بعد آج ملک سے فرار ہو رہے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میجر جنرل ضیا الاحسن کو گرفتار کر کے ڈھاکا چھاؤنی منتقل کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز سابق وزیر خارجہ حسن محمود اور وزیر مملکت برائے مواصلات جنید احمد پالاک کو بھی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، بنگلادیش کے اٹارنی جنرل امین الدین بھی آج عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے ذاتی وجوہ پر استعفا دیا۔

بنگلادیش پولیس ہڑتال پر چلی گئی، تھانے خالی

حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ الٹائے جانے کے بعد فوج میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں، میجر جنرل رضوان الرحمان کو این ٹی ایم سی کا ڈی جی، جب کہ لیفٹیننٹ جنرل سیف العالم کو وزارت خارجہ میں تعینات کیا گیا ہے، لیفٹیننٹ جنرل مجیب الرحمان جی او سی آرمی ٹریننگ اور ڈاکٹرائن کمانڈ ہوں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد تبریزشمس چوہدری کو کوارٹر ماسٹرجنرل، لیفٹیننٹ جنرل میزانور شمیم کو چیف آف جنرل اسٹاف تعینات کیا گیا، لیفٹیننٹ جنرل محمد شاہین الحق کو کمانڈنٹ این ڈی سی مقررکیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فوج کے سربراہ جنرل وقار الزمان اور معزول وزیر اعظم حسینہ واجد میں رشتے داری ہے، جنرل وقار کی اہلیہ رشتے میں حسینہ واجد کی کزن لگتی ہیں، جب کہ ان کے سسر جنرل محمد مستفیض مرحوم بھی شیخ حسینہ واجد کے والد کی طرف سے رشتے دار ہیں۔