ڈھاکہ: جنوب ایشیائی ملک بنگلہ دیش میں ان دنوں بجلی کے بدترین بحران کا سامنا ہے، موسم کی خرابی اور بجلی کے بحران کی وجہ زرمبادلہ کے ذخائر کی قدر میں غیر معمولی کمی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش میں ایندھن کی درآمدات کی ادائیگی میں مشکلات اور زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی جیسے سنگین مسائل کے سبب بنگلہ دیش 2013 ء کے بعد سے اس وقت بدترین بجلی کے بحران کا سامنا کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں جولائی سے اکتوبر شدید گرمی اور بجلی کے استعمال میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے، بنگلہ دیش کے وزیر توانائی نے خبردار کیا کہ ملک میں آنے والے دنوں میں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
بنگلہ دیش میں گرمی کی شدید لہر، اسکولوں کو تالے لگ گئے
رپورٹ کے مطابق سال کے 5 ماہ میں والمارٹ اور ایچ اینڈ ایم سمیت زارا جیسے عالمی برانڈز کو گارمنٹس سپلائی کرنے والے اس ملک میں 114 دنوں تک بجلی کی عدم سپلائی کہ وجہ سے کارخانوں کو بھی اپنی پیداوار بند رکھنا پڑی تھی۔
مقامی و بین الاقوامی میڈیا کی خبروں کے مطابق بنگلہ دیش میں کوئلے کی عدم دستیابی کے سبب مرکزی بجلی گھر بند کرنا پڑا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں گزشتہ برس جنوری میں زر مبادلہ کے ذخائر 46 ارب ڈالر سے کم ہو کر اس سال اپریل کے آخر میں 30 ارب ڈالر پر پہنچ گئے۔