بنگلہ دیشی کپتان ورلڈ کپ کے آخری میچ سے باہر

ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش اپنی ناقص پرفارمنس کے باعث پہلے ہی باہر ہو چکی ہے تاہم اب بنگلہ قائد شکیب الحسن آخری میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

بھارت میں جاری کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ اپنے اختتامی مراحل کی جانب گامزن ہے۔ میگا ایونٹ میں ناقص ترین پرفارمنس کے باعث دفاعی چیمپئن انگلینڈ، سری لنکا اور بنگلہ دیش پہلے ہی میگا ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں تاہم بنگلہ کپتان شکیب الحسن ٹورنامنٹ کا آخری میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔

آئی سی سی رینکنگ کے ٹاپ آل راؤنڈر بنگلہ کپتان شکیب الحسن انگلی میں فریکچر کے باعث میگا ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں اور اب وہ ہفتہ 11 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف میگا ایونٹ کا اپنا آخری میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے مسلسل 6 شکستوں کے بعد گزشتہ روز سری لنکا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری فتح اپنے نام کی تھی جس میں شکیب الحسن نے آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

بنگلہ دیش اور سری لنکا کی کرکٹ دشمنی نئی نہیں، ویڈیوز دیکھیں

تاہم مذکورہ میچ شکیب الحسن کی جانب سے سری لنکن بیٹر انجلیو میتھیوز کے خلاف ٹائمڈ آؤٹ اپیل پر امپائر کے آؤٹ دیے جانے کے بعد تنازع کا شکار ہو گیا اور کرکٹ حلقوں میں بنگلہ کپتان کے اس اقدام پر انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔