بنگلہ دیش کا سعودی عرب کی حمایت کا اعلان

بنگلہ دیش نے ڈھاکا ایکسپو 2030 اور فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ عبدالمومن نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈھاکا 2030 میں ہونے والی بین الاقوامی ایکسپو اور 2034 میں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی بھرپور حمایت کرے گا اور ہمیں یقین ہے کہ مملکت دونوں ایونٹس کی شاندار میزبانی میں کامیاب بھی ہوگا۔

بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ عبدالمومن نے عرب نیوز کو بتایا ’بنگلہ دیش نے اگست میں ایکسپو 2030 کےلیے اپنی سپورٹ کا اظہار کیا اور فیفا ورلڈ کپ کےلیے بھی سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہوں گے‘۔

انہوں نے بتایا وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے سعودی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ ہم ان کی سپورٹ کریں گے اور 2030 میں ایونٹ کے انعقاد میں ان کی مدد کریں گے۔ جب کہ سعودی عرب نے 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بھی سپورٹ کی درخواست کی تھی تو ہم نے اس معاملے پر بھی سعودیہ کی بھرپور حمایت کا وعدہ کیا ہے۔

بنگلہ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی اپروچ آگے بڑھنے کی ہے اس لیے اگر دونوں ایونٹس کی میزبانی انہیں ملتی ہے تو وہ اس کو نبھانے میں بھرپور کامیاب ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے پاس بے شمار اثاثے ہیں اور ان کے انتظامات بھی اچھے ہوں گے۔ اس لیے میرے خیال میں بہت سے ممالک اس میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے تین ممالک دوڑ میں شامل ہیں جن میں سعودی عرب کے علاوہ جنوبی کوریا اور اٹلی بھی شامل ہیں تاہم مملکت کو پہلے ہی دنیا کی سب سے بڑی نمائش اور فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کےلیے اہم بین الاقوامی سپورٹ حاصل ہے۔

دوسری جانب مملکت کے وزیر کھیل نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ سعودیہ فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کا خواہشمند ہے اور وہ اس کے لیے بولی جمع کرائے گا۔ فٹبال کے عالمی کپ کے انعقاد سے ہمیں کھیلوں میں صف اوّل کا ملک بننے میں مدد ملے گی۔