لاہور، بنگلہ دیش ویمنز ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں‌ پاکستان کو ہرادیا، سیریز 1-1 سے برابر

لاہور: بنگلہ دیش ویمنز ٹیم نے دوسرے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی، دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے دوسرے ون ڈے میچ میں‌ بنگلہ دیش ویمنز ٹیم نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 وکٹ سے شکست دے دی، قومی ویمن ٹیم نے 48.3 اوورز میں 210 رنز بنائے، بنگلہ دیش نے ہدف ایک گیند قبل 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان ویمن ٹیم کی ناہیدہ خان نے 63 رنز کی اننگز کھیلی، عالیہ ریاض 36 رنز بنا کر نمایاں رہیں، جویریہ خان 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔

بنگلہ دیش کی جہاں آرا عالم اور پنا گھوش نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، رومانہ احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش ویمن ٹیم کی فرغانہ حق کو 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر ویمن آف دی میچ قرار دیا گیا، مرشدہ خاتون 44 اور رومانہ احمد 31 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

پاکستان ویمن ٹیم کی نشرا سندھو نے دو وکٹیں حاصل کیں، ثنا میر اور عالیہ ریاض ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکیں۔

پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ آج کے میچ میں بنگلہ دیش نے بہتر بیٹنگ کی، ہماری کوشش ہے نئی کھلاڑیوں کو مواقع دیں، مستقبل کی سیریز کے لیے ہمیں بیٹنگ کو بہتر بنانا ہوگا۔

بنگلہ دیش کی اوپنر مرشدہ خاتون نے کہا کہ دوسرا ون ڈے جیت کر سیریز برابر کرنے پر بہت خوشی ہے، پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے یہاں لوگوں نے بہت محبت دی۔

بنگلہ دیش ویمن ٹیم کے منیجر جاوید عمر سلیم نے کہا کہ سیکیورٹی بہت ہی شاندار رہی ہے، سیریز سے متعلق اپنی رپورٹ دوں گا۔