کوٹہ سسٹم کے معاملے پر بنگلہ دیش میں جاری ملک گیر فسادات کے باعث اس کی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
بنگلہ دیش جس نے رواں سال اکتوبر میں ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے تاہم ملازمتوں پر کوٹہ سسٹم کے معاملے پر ملک بھر میں جاری فسادات کے باعث اب میگا ایونٹ کی میزبانی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ ہم بنگلہ دیش میں سیکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
دوسی جانب آئی سی سی بورڈ کے ایک رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہمارے پاس دنیا بھر میں سیکیورٹی کا خودمختار مانیٹرنگ سسٹم موجود ہے اور اسی کے ذریعے ہم بنگلہ دیش کی حالیہ صورتحال کو بھی دیکھ رہے ہیں۔
ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 3 سے 20 اکتوبر کت بنگلہ دیش میں شیڈول ہے جس میں آسٹریلوی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ نویں میگا ایونٹ کے میچز ڈھاکا اور سلہٹ میں کھیلے جانے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں گروپ اے میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے ساتھ بھارت، پاکستان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں موجود ہیں جب کہ گروپ بی میں میزبان بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ سرکاری ملازمتوں کر کوٹہ سسٹم ختم کرنے کا فیصلہ دے چکی ہے تاہم طلبہ نے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
اس احتجاج کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں فسادات کے دوران 100 سے زائد شہری ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوئے۔ سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور صورتحال اتنی بدتر ہوگئی تھی کہ حکومت نے مظاہرین کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم جاری کیا تھا۔
https://urdu.arynews.tv/ban-on-hitting-six-by-cricketers-will-be-punished/