بنگلہ دیشی آل راؤنڈر بھی بابر اعظم کے پرستار نکلے

ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا لیکن میچ کے بعد بنگلہ آل راؤنڈر مہدی حسن نے بابر اعظم سے آٹو گراف لے کر بتا دیا کہ وہ بھی ان کے پرستار ہیں۔

ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی پرفارمنس پر تنقید ہو رہی ہے جب کہ کپتان بابر اعظم بھی بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام ہیں اس کے باوجود ان کی شخصیت کا سحر سب پر طاری ہے عام شائقین کرکٹ تو الگ دیگر ٹیموں کے کھلاڑی بھی پاکستانی کپتان کے مداح ہیں۔

گزشتہ روز پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچ کے بعد ہی بابر اعظم کے ساتھ ایسی ایک فین مومنٹ کا تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو کر دھوم مچا رہی ہے۔

پاکستان نے ورلڈ کپ میں گزشتہ روز کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں بنگلہ دیش کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دی تاہم میچ کے بعد بنگلہ آل راؤنڈر مہدی حسن میراز پاکستانی کپتان کے پاس پہنچ گئے اور بابر اعظم سے آٹو گراف لیا۔ قومی کپتان نے بھی خوشدلی کے ساتھ حریف ٹیم کے کھلاڑی کی فرمائش پوری کر دی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر وائرل اس تصویر میں مہدی حسن ایک سفید کاغذ نما شیٹ تھامے نظر آرہے ہیں جبکہ بابر اعظم جھک کر اس پر کچھ لکھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

گزشتہ روز میچ کے بعد سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر زیرِ گردش ہے جس میں مہدی حسن میراز کو بابر اعظم سے آٹوگراف لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

 

مذکورہ تصویر پر شائقینِ کرکٹ مختلف دلچسپ تبصرے کرتے نظر آرہے ہیں اور مہدی حسن کے ’فین مومنٹ‘ کو پسند بھی کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ ہر کوئی بابر کا ہی پرستار ہے۔ دوسرے صارف نے تبصرہ کیا کہ یہ مہدی حسن کے لیے کیا یادگار لمحہ ہے۔