کالعدم بی ایل اے کے سہولت کار ڈاکٹر عثمان قاضی کا قریبی ساتھی گرفتار

کالعدم بی ایل اے کے سہولت کار ڈاکٹر عثمان قاضی کا قریبی ساتھی گرفتار

کوئٹہ : کالعدم بی ایل اے کے سہولت کار ڈاکٹر عثمان قاضی کے قریبی ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا، میر خان لہڑی پراسیکیوٹر انسپکٹر بنا اور دہشت گردوں کی سہولت کاری کرتا رہا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم بی ایل اے کے سہولت کار مطالعہ پاکستان کے پروفیسر ڈاکٹر عثمان قاضی کے قریبی ساتھی گرفتار کرلیا۔

ذرائع سی ٹی ڈی نے بتایا کہ میر خان لہڑی بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے،اس نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی سے وکالت میں ڈگری لی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ میر خان لہڑی پراسیکیوٹر انسپکٹر بنا اور دہشتگردوں کی سہولت کاری کرتارہا جبکہ اس کے درجن سےزیادہ وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

مزید پڑھیں : کوئٹہ : دہشت گردوں کا سہولت کار ڈاکٹرعثمان قاضی گرفتار

یاد رہے 18 اگست کو پولیس نے دہشت گردوں کی سہولت کاری کے الزام میں بلوچستان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (بیوٹمز) کے لیکچرار پروفیسر ڈاکٹر عثمان قاضی گرفتار کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بلوچستان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے لیکچرار ڈاکٹر عثمان قاضی کو 12 اگست کی رات گھر سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم کو گرفتار خودکش بمبار کی نشاندہی پر پکڑا گیا۔

ذرائع کے مطابق 11 اگست کو شہر میں گرفتار خودکش بمبار کی نشاندہی پر کارروائی کی گئی، ڈاکٹر عثمان نے دوران حراست دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

اس کے علاوہ ملزم نے ریلوے اسٹیشن پر حملے میں مدد کرنے اور درجنوں بمباروں کو تربیت دینے کا اعتراف بھی کیا، گرفتار پروفیسر جشن آزادی کے موقع پر دہشت گرد حملوں کا منصوبہ بنا رہا تھا۔