جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس پاکستان کی تقرری پر مختلف بار کونسلز کا خیرمقدم

جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تقرری پر مختلف بار کونسل نے خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کی سفارش اور صدر مملکت کی جانب سے منظوری کے بعد وزارت قانون نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس پاکستان تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وہ موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ کے بعد 26 اکتوبر 2024 سے اگلے تین سال کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس تقرری کا ملک کی مختلف بار کونسلز نے خیر مقدم کرتے ہوئے اس خوش آئند قرار دیا ہے۔

اسلام آباد، سندھ، لاہور، کے پی، بہاولپور کی بار کونسلز نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان نامزد ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

سندھ بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس پاکستان نامزدگی عدلیہ اور عوام کیلیے سود مند ہوگی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی کو قانون پر عبور حاصل ہے، جو اس نازک دور کیلیے اہم کردار ادا کرے گا اور وہ تمام شہریوں کے حقوق کا مساوی تحفظ کریں گے۔

خیبر پختونخوا بار کونسل نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس تعینات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیر متنازع، غیر سیاسی اور غیر جانبدار شخصیت ہیں۔ کے پی بار کونسل نے سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد کو بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا۔

https://urdu.arynews.tv/meeting-between-cjp-qazi-faiz-isa-and-nominated-cjp-yahya-afridi/