بیرسٹو کا رن آؤٹ انگلینڈ اور آسٹریلیا کا سفارتی تنازع بن گیا

لارڈز ٹیسٹ میچ کے آخری روز جونی بیرسٹو کا متنازع رن آؤٹ انگلینڈ اور آسٹریلیا کا سفارتی تنازع بن گیا۔

ایشیز سیریز میں آسٹریلیا کو انگلینڈ کے خلاف 2-0 کی برتری حاصل ہے، لارڈز ٹیسٹ میچ تنازع اس وقت شروع ہوا جب آخری روز جونی بیرسٹو بیٹنگ کے دوران گیند مس ہونے پر کریز پر پاؤں رکھ کر آگے بڑھ گئے لیکن کیپر الیکس کیری نے انہیں رن آؤٹ کردیا۔

فیلڈ امپائر نے فیصلہ تھرڈ امپائر کو دیا جس کے بعد تھرڈ امپائر نے بیرسٹو کو رن آؤٹ قرار دیا۔

بیرسٹو کو اس طرح آؤٹ کرنے پر انگلیںڈ کے کراؤڈ نے بھی آسٹریلوی کرکٹرز کے خلاف نعرے بازی کی اور ایم سی سی کے ممبران بھی عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر سے الجھ پڑے۔

بعدازاں انگلش کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ اگر میں ہوتا تو یہ اپیل واپس لے لیتا، دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ الیکس کیری نے فیئر پلے کھیلا ہے۔

تاہم متنازع آؤٹ پر گزشتہ روز برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے آسٹریلیا پر کھیل کی روح کے منافی ہونے کا الزام عائد کیا۔

برطانوی وزیراعظم کے بعد آسٹریلوی وزیراعظم ایم اینتوھی ایلبا نیز بھی اس معاملے پر بول پڑے اور اپنی ٹیم کو ٹوئٹ کرکے مبارک باد پیش کی اور لکھا کہ ہمیشہ جیتنے والے آسٹریلین۔