چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے ارکان اسمبلی کو اغوا کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم ایم این ایز کے بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرا رہے ہیں، 20 ارکان کے بیان حلفی جمع کیے باقی کے کل جمع کرائیں گے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے حقداروں کو ان کا حق ملا ہے۔
انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عدلیہ کاشکریہ ادا کرتے ہیں، بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ میں گرفتاری کی مذمت کرتےہیں، بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ سے دور دور تک تعلق نہیں تھا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے قانونی اور آئینی فیصلے کو تاریخ میں یاد رکھا جائےگا، سپریم کورٹ نے حکم دیا 41 ایم این ایز الیکشن کمیشن میں حلف نامےجمع کرائیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمیں 41 میں سے 25 حلف نامے مل چکے ہیں، ہم سپریم کورٹ میں حلف نامے بھی جمع کرائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے درخواست کرتے ہیں حلف نامے پرعمل درآمد کرایا جائے، ہمارے ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان کو اٹھایا گیا۔
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ ہمارے ایم این اے کے بھائی اور 16 سالہ بیٹے کو اٹھایا گیا، سپریم کورٹ کارکنان کو بازیاب کرائے۔