مذاکرات کا وقت ختم، اب فیصلے بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے، بیرسٹر گوہر

مذاکرات کا وقت ختم، فیصلے عمران خان ہی کریں گے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (22 جولائی 2025): چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا وقت ختم ہو چکا ہے اب فیصلے بانی ہی کریں گے۔

جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے، پی ٹی آئی نے تمام امیدوار مارچ 2024 میں ہی فائنل کر لیے تھے، کوئی نام عمران خان کی مشاورت کے بغیر شامل نہیں کیا گیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مخصوص نشستوں کی وجہ سے عمل میں تاخیر ہوئی، چھ نشستیں ملنا ہمارے لیے بہترین رہا۔

یہ بھی پڑھیں: ’جو ہو رہا ہے عمران خان کے احکامات پر ہو رہا ہے‘

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے بعد پریس کانفرنس کرنے والوں کو ٹکٹ دینے کی بات درست نہیں، مرزا آفریدی کا نام خود عمران خان نے فائنل کیا، مرزا آفریدی پارٹی بیانیے اور مفادات کے ساتھ کھڑے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو سال ہوگئے اب سختیاں ختم ہونی چاہئیں سب کو ملاقات کی اجازت ملنی چاہیے، عمران خان سے ملاقات پر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، آخری ملاقات بیرسٹر سیف اور پھر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے کی، اس پر لوگ بلاوجہ شکوک و شبہات پھیلا رہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ خود پارٹی چھوڑتے ہیں کسی کو نکالنا نہیں پڑتا، عمران خان جیل سے احتجاج کی قیادت کریں گے، اب فیصلے وہ ہی کریں گے۔