اے آر وائی نیوز کا بائیکاٹ کا فیصلہ پارٹی کا نہیں تھا، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ اے آر وائی نیوز کے بائیکاٹ کا فیصلہ شیخ وقاص نے اپنی صوابدید پر کیا یہ پارٹی سے نہیں تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بائیکاٹ صرف کل کے لیے تھا، آئندہ کبھی نہیں ہوگا، میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں، بائیکاٹ کی پالیسی کی حمایت نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہماری اہم ملاقات خوشگوار موڈ میں ہوئی، سینیٹ الیکشن پر اجلاس میں تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، موجودہ فہرست عمران خان نے خود تیار کی ہے اس میں ردوبدل نہیں کرسکتے۔

یہ پڑھیں: شیخ وقاص کا اے آر وائی نیوز کے بائیکاٹ کا اعلان، پی ٹی آئی سینئر قیادت لاعلم نکلی

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی منظور کردہ فہرست پر انتخابات لڑے جائیں گے، کوشش ہے فیصلے سے بانی کی عزت برقرار رہے، کارکنوں کے جذبات مجروح نہ ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سینیٹرز کا انتخاب بلامقابلہ ہوجائے گا، پنجاب میں بھی ایسا ہوچکا ہے ماضی میں مزید مثالیں بھی موجود ہیں، کارکن ہمارا اثاثہ ہیں ان کے جذبات کی قدر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات کا ایک دور ختم ہوگیا، دوسرا رات 9 بجے ہوگا، مشعال یوسفزئی ضمنی الیکشن لڑ رہی ہیں ان کا نام عمران خان نے دیا ہے، دستبرداری کی تاریخ 24 جولائی ہے اگر عمران خان نے فیصلہ تبدیل نہ کیا تو مشعال ہی الیکشن لڑیں گی۔