بانی پی ٹی آئی نہ ہوتے تو مجھے میرے خاندان والے بھی ووٹ نہ دیتے، بیرسٹر گوہر

الیکشن کمیشن کی وضاحت پر بیرسٹر گوہر کا ردعمل

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نہ ہوتے تو مجھے میرے خاندان والے بھی ووٹ نہ دیتے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سے امید ہے کہ کہیں نہ کہیں سے تو بانی پی ٹی آئی کو انصاف ملے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بہت عرصہ ہوگیا ،بانی پی ٹی آئی پر 300مقدمات درج ہوئے، جیل جانے سے پہلے بانی پی ٹی آئی 350 پیشیاں بھگت چکے تھے، 5 دن کے اندر عمران خان  کو 45 سال کی سزائیں دی گئیں، بانی پی ٹی آئی کی بیوی کو بھی سزائیں دی گئیں۔

انھوں نے کہا کہ رولز کی خلاف ورزی کر کے ملاقاتیں نہیں کرنےدیتے ، کے پی کا بجٹ پاس نہیں ہوا ابھی بھی کچھ دن باقی ہیں ، یہ بانی پی ٹی آئی کی اسمبلی ہے ان کا ووٹ ہے وہ جیسے کہیں گے ویسا ہوگا۔

چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ  عمران خان  اسمبلی تحلیل کا کہیں گے توکر لیں گے، بانی پی ٹی آئی نہ ہوتے تو مجھے میرے خاندان والے بھی ووٹ نہ دیتے۔

مزید پڑھیں : ’بانی پی ٹی آئی آج حکم دیں تو اسمبلی تحلیل کردی جائے گی‘

گذشتہ روز خیبرپختونخوا اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا تھا کہ اسمبلی کو ختم کرسکتا ہوں اور کر بھی دوں گا، کے پی حکومت کا اختیار صرف عمران خان کے پاس ہے جو ہمارے پاس امانت ہے کسی کو استعمال نہیں کرنے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعہ کو بجٹ پر ووٹنگ اس لیے نہیں ہوئی کیونکہ ہفتے کو عمران خان سے ملاقات کا دن تھا، جب بھی ان سے ملاقات ہوگی بجٹ پر رہنمائی لی جائے گی۔

علی امین نے کہا تھا کہ اگر عمران خان نے بجٹ میں کسی بھی تبدیلی کا کہا تو 24 گھنٹے میں کردیں گے، میرے لیڈر کے فیصلے پر من و عمل ہوگا۔