پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز پنجاب کے عوام کے 10 کھرب روپے ڈکار گئی ہیں۔
بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت 10 کھرب کی سنگین مالی بے ضابطگیوں کا جواب دینے سے قاصر ہے، آڈٹ رپورٹ پر خاموشی پنجاب میں جاری لوٹ مار اور کرپشن کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آڈٹ رپورٹ نے مریم نواز کی کرپشن پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے، وہ عوام کے 10 کھرب روپے ڈکار گئی ہیں، پنجاب میں ترقیاتی منصوبے صرف کمیشن کیلیے شروع کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مجھے رلانا آسان کام نہیں، دو بار قید تنہائی میں رہی لیکن روئی نہیں، مریم نواز
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کو 10 کھرب کا ٹیکہ لگا کر ترقی کے جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں، رقم کا اسکینڈل تو آڈٹ رپورٹ میں سامنے آیا باقی کرپشن اس کے علاوہ ہے، یہ تو صرف پہلے سال کی کہانی ہے آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔
اس سے قبل بیرسٹر سیف نے مریم نواز کی جانب سے عوامی منصوبے اپنے نام سے منسوب کرنے پر ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب خود کو اور والد نواز شریف کو زبردستی ہیرو بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں، جو عوامی ووٹ سے نہیں آئے وہ عوامی منصوبوں کو اپنے نام سے کیسے منصوب کر سکتے ہیں؟
مشیر اطلاعات کے پی کا کہنا تھا کہ انہیں تو لندن کے فلیٹس بھی اپنے نام سے منسوب کرنے کا حق نہیں، لندن کے فلیٹس بھی عوام کے ٹیکسوں کی چوری سے بنائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، نواز شریف اور مریم نواز نے ایسا کون سا کارنامہ انجام دیا جس پر فخر کیا جا سکے؟