پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پی آئی اے کو پنجاب ایئر بنانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا چچاقومی اثاثے اونے پونے داموں بیچ رہے اور بھتیجی خرید رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پی آئی اے کی خریدنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کا پنجاب ائیرلائن بنانے کا فیصلہ مضحکہ خیز ہے، چچا قومی اثاثے اونے پونے داموں بیچ رہے اور بھتیجی خرید رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پی آئی اے خریدنے میں بھی علی امین گنڈاپورکی کاپی کی، ملکی مفادات کو ذاتی مفادات پر قربان کرنا شریف خاندان کا شیوہ ہے۔
مشیر اطلاعات کے پی نے مزید کہا کہ عوام کےپیسوں سےبنائی ائیر لائن شریف خاندان کیلئے استعمال ہوگی، شریف خاندان سر درد کی دوائی لینے کیلئے بھی طیارہ لندن بھیجے گا، اچھا ہوگا اس کا نام جاتی امراائیر لائن رکھیں۔
یاد رہے نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ پی آئی اے کی خریداری کے حوالے سے مریم نواز سے ان کی بات ہوئی ہے، جس میں قومی ایئر لائن کو خرید کر بالکل برینڈ نیو ایئر لائن قائم کرنے اور ایئر پنجاب کے نام سے چلانے پر بات ہوئی تھی۔