سابق کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کو پیغام ہے کہ کپتانی چھوڑیں بیٹنگ پر دھیان دیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق قومی کرکٹر باسط علی نے کہا کہ میں نے پہلے کہا تھا کہ بابر اعظم بیٹنگ پر دھیان دیں کپتانی چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم بہترین بیٹسمین ہے بڑے ریکارڈ بنا سکتا ہے۔
باسط علی نے کہا کہ رمیز راجہ کی بات سے زیادہ پتا چل رہا ہے کہ فیورٹ ازم ہورہی ہے، جب سرفراز کو ہٹایا گیا تو اس وقت اس طرح کی باتیں کیوں نہ ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ شان مسعود ٹیسٹ کپتان، ٹی 20 کے لیے شاہین آفریدی کپتان ہوسکتے ہیں۔
کامران اکمل نے کہا کہ رمیز راجہ کو اپنے ساتھیوں سے متعلق ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے، ان کی عزت کرتا ہوں شائقین کو خلاف کرنے کی باتیں نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ اور رمیز راجہ کو لگتا ہے کہ بابر کپتانی سنبھال سکتے ہیں تو ضرور سنبھالیں۔
سابق کپتان آظہر علی نے کہا کہ رمیز راجہ بھی تنقید کرتے تھے، ان کے بیانات سے تکلیف ہوتی تھی لیکن اب زیادہ تکلیف کیوں ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم سے غلطیاں ہوئی ہیں تو اس کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں، ان کے ساتھ بیٹھ کر آئندہ کے پلان پر گفتگو کرنی چاہیے، میرا خیال ہے کہ بابر اعظم کو کپتانی مزید جاری رکھنی چاہیے۔
اظہر علی نے کہا کہ کیا گارنٹی ہے کہ آئندہ کپتان غلطیاں نہیں کرے گا، مجھے امید ہے کہ بابر اپنی غلطیوں سے سیکھے گا۔