’مکی آرتھر انضمام کے سامنے بچہ ہے‘

مکی آرتھر

سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر انضمام الحق کے سامنے بچہ ہے۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ڈائریکٹر مکی آرتھر کے درمیان اختلاف کی خبریں سوشل میڈیا کی زینت بن رہی ہیں۔

انضمام الحق سے متعلق یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد چیف سلیکٹر کے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

تاہم اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا کہ ’مکی آرتھر انضمام الحق کے سامنے بچہ ہے بچہ وہ کچھ بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر انضمام دھاڑے گا تو وہ بھاگ جائے گا، پتہ نہیں لوگوں کو سمجھ نہیں انضمام کیا چیز ہے اگر وہ چپ رہتا ہے تو اس کا یہ مطلب تھوڑی ہے ہاں وہ اپنے ساتھ جو چیز چاہتا ہے وہ کرے گا اگر ویسا نہیں ہوگا وہ شکریہ ادا کرکے چلا جائے گا۔

کامران اکمل نے کہا کہ انضمام انڈر 19 ہیڈ کوچ سے خوش نہیں ہیں انہوں نے کسی کا نام دیا تھا جس پرعمل نہیں ہوا، دوسری جانب جونیئر سلیکشن کمیٹی سے بھی وہ خوش نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ 25 لاکھ روپے نہیں دیکھ رہے وہ چاہ رہے ہیں کہ ٹیم ایسی بنیں جس سے قومی ٹیم کو فائدہ ہو، وہ چاہتے ہیں کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ایسے کھلاڑی لگائے جائیں جس سے ٹیم کو اچھے کھلاڑی ملیں۔