ششانک منوہر نے پاک بھارت سیریز کو حکومتی اجازت سے مشروط قرار دے دیا

نئی دہلی : بھارتی بورڈ کے صدر ششانک منوہر نے پاک بھارت سیریز کو حکومتی اجازت سے مشروط قرار دے دیا.

بی سی سی آئی نے پاک بھارت سیریز کا معاملہ پھر لٹکا دیا، بی سی سی آئی کے صدر ششانک منوہر نے ایک مرتبہ پھر پرانا مؤقف اپنایا اور گیند حکومتی کورٹ میں ڈال دی۔

بھارتی بورڈ کے صدر نے کہا کہ پاک بھارت سیریز پر دروازے بند نہیں ہوئے، دسمبرمیں بھارتی ٹیم فری ہوگی، اس لئے سیریز ہو بھی سکتی ہے۔ حتمی فیصلہ دسمبر میں ہوگا۔

ششانک منوہر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کھیلنے کیلئے حکومت کی اجازت درکار ہوگی، حکومت کی اجازت ملنے تک ہم کچھ نہیں کرسکتے،اجازت نہیں ملی تو سیریز نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ چیئرمین پی سی بی بھارتی بورڈ کی دعوت پر بھارت گئے تھے کہ شیوسینا کے غندوں نے بی سی سی آئی ہیڈ کوارٹر پر دھاوا بول دیا۔ شہریارخان کے خلاف نعرے بازی کی ،جس کے بعد پاک بھارت کرکٹ مذاکرت منسوخ ہوگئے تھے۔