میں دنیائے کرکٹ کا کم عمر ترین نانا بن گیا، شاہد آفریدی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے نواسے کی پیدائش کے بعد کہا ہے کہ میں دنیائے کرکٹ کا کم عمر ترین نانا بن گیا ہوں۔

لیفٹ آرم پیسر شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی انشا کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی ہے اور سابق قوی کپتان نانا بن چکے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شاہد آفریدی نے خوشی کے ایموجی کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے لکھا کہ ’دنیائے کرکٹ کا کم عمر ترین نانا بننے پر آپ تمام احباب کے محبتوں بھرے پیغامات موصول ہو رہے ہیں، میں اور میرے اہلخانہ آپ سب لوگوں کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں‘۔

نئے نئے نانا بننے والے شاہد آفریدی کی سوشل میڈیا پوسٹ کو صارفین کی بڑی تعداد کیا ہے اور مداح انھیں مبارک باد دیتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔

تقریباً 47 برس کی عمر میں نانا بننے والے شاہد آفریدی یکم مارچ 1977 کو پیدا ہوئے تھے جبکہ ان کے داماد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کرکٹر شاہین کی عمر 24 سال ہے۔

پاکستانی پلیئرز، ٹیم منیجمنٹ، پی سی بی اور مداحوں کی جانب سے قومی پیسر شاہین شاہ آفریدی کو والد اور شاہد آفریدی کو نانا بننے پر مبارک باد دی گئی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ شاہین آفریدی 3 فروری 2023 کو سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا کے ساتھ کراچی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور اب جوڑے کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی ہے۔